سبب تاخیر اجابت دعای مومن

یہ تحریر 298 مرتبہ دیکھی گئی

سبب تاخیر اجابت دعای مومن
(مثنوی مولانا روم)

ہیں بہت مخلص دعا میں نالہ زن
جن کا غم افلاک پر سایہ فگن

ان گنہگاروں کے سوز دل کی بو
پھیلتی ہے آسماں پر چار سو

سن کے روتے ہیں فرشتے زارزار
اے خداوند کریم! اے مستجار!

ایک مومن بندہ ہے محو فغاں
جانتا ہے تو ہی تھامے ہے عناں

تو کہ بیگانوں کو کرتا ہے عطا
ہے غرض مندوں کا تو ہی منتھا

کہتا ہے اللہ: حق ہے اس کا بین
ہے عطا میں دیر اس پر فضل عین

نالہ ء مومن ہمیں خوش آتا ہے
کہہ دو یہ تمغہ خدا پنہاتا ہے

حاجت اس کو باندھ کر لے لائی ہے
تب ہمارے عرش پر شنوائی ہے

بخش دوں تو جا رہے گا پھر وہیں
پھر تماشوں میں جھکا دے گا جبیں

ہے اگرچہ دل سے وہ گریاں یہاں
ٹوٹا دل،  گہنایا سینہ، بے اماں

اس کا یہ نالہ ہمیں مرغوب ہے
رمز اس کی یا خدا میں خوب ہے

مولانا جلال الدین رومی رح
منظوم معنوی ترجمانی/ عبیرہ احمد