چھ سال پہلے کہی گئی ایک نظم

یہ تحریر 122 مرتبہ دیکھی گئی

درختوں کے گیلے پتوں سے
پانی کے قطروں کی طرح
دھیرے دھیرے شام اتر رہی تھی
ایک سے دوسری ڈار پر اڑتی
چڑیوں کی چیں چیں
سارے میں سرمئی پھیلاؤ کا
نقارہ بجا رہی تھی
قریبی چرچ کے گھنٹے کی مسلسل ٹن ٹن
“سبھی کو گھر لوٹننے کی یادہانی” کی بجانے
شاید صرف وقت کا پتا دے رہی تھی
گلیوں کی سرد تاریکی کو مٹاتے، زرد قمقمے،
ایک ایک کر کے روشن ہو رہے تھے
شام اترنے کےاس فطری ریچیول میں
بہرحال ایک غیر مانوسیت ایک کمی سی تھی
پردیس کی شام دراصل میری کبھی نہیں تھی
اپنے یہاں مغرب سمے، پر پھڑپھڑاتے پرندوں کا شور،
اذان کی گونج میں کھو جاتا ہے
تاریک رستوں کی سرد مہری
چولہے سے اٹھتے دھویں
اور ابلتے پانی کے بلبلوں میں، سمو جاتی ہے
پہاڑوں پر سٹریٹ لیمپ نہیں
بلکہ پساروں میں زرد بلب ہوتے ہیں
جنکی روشنی میں شام ڈھلتے ہی
مال مویشی بھی اندر ہانکے جاتے ہیں
اپنے یہاں اذان مغرب
فضا میں بھیجی گئی ساؤنڈ ویوز ہی نہیں ہوتیں
بلکہ سبھی کو گھر لوٹنے کی یادہانی دلانے والی
ایک سریلی ندا ہوتی ہے!
جبھی تو شام اترنے کی ریت ہماری
باقی سب سے جدا ہوتی ہے!