ماڈرنٹی: بنیادی مباحث

یہ تحریر 400 مرتبہ دیکھی گئی

ماڈرنٹی ایک وسیع ٹرم ہے، قدیم تصورات کو نٸی جہت دینے پر یہ اپنا اظہار کرتی نظر آتی ہے، لیکن میرے خیال میں اسے ایک مخصوص دور تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ نظری سطح پر اول نوعیت کا کام کیا اور عملی پراسیس پر اس کے خط وخال ایک پورے سلیقے کے ساتھ سامنے آٸے، یہ عمل کسی نظریے کے تحت نہیں بلکہ کلیت پسندانہ تصورات کے زوال کے نتیجے میں سرانجام پایا۔ ماڈرن ازم سے اس کا تعلق ثانوی نوعیت کا ہے، لیکن اس بات میں کوٸی دو راٸے نہیں کہ ماڈرنٹی نے ماڈرن ازم کو معاشی سوچ فراہم کی، جیسا کہ جدیدیت ایک دور میں مخصوص صنعتی و صارفی اظہار کی شے تھی، یعنی سرماٸے کی مرکز سطح پہ بطور صارف کلچر اجارہ داری کا نام جدیدیت ہے۔ جس طرح پوسٹ ماڈرن کی تفہیم کے لیے پہلے ماڈرن ازم کو جاننا ضروری ہے اسی طرح پوسٹ ماڈرنٹی کی جانکاری کے لیے بھی پہلے ماڈرنٹی سے آگاہی ناگزیر ہے۔ اس نے بدلتے تقاضوں کے ساتھ ساتھ اپنا کام جاری رکھا۔ ہر پرانے تصور کے انہدام اور نٸی فکر کے لیے بنیاد گزار کے طور پر ایک باضابطہ طریقہ کار کو وضع کیا، اگر یوں کہا جاٸے تو بے جا نہ ہو گا جب تک انسانی ضرورت قاٸم ہے، ماڈرنٹی کا وجود باقی رہے گا، ہاں اس کے اشکال بدلتے رہیں گے۔

جیسا کہ پہلے اس طرف اشارہ کر چکا ہوں کہ ماڈرنٹی ایک وسیع سبجیکٹ ہے، دراصل یہ ایک ایسے طریقہ کار کا نام ہے جسے ماڈرنٹی سے پہلے موجود تصورات کو ری پلیس کرتے وقت بروٸے کار لایا گیا۔ اس کا آغاز سولہویں صدی عیسوی میں ہوا، اس کی شروعات نٸے آٸیڈیاز، فلسفے اور آرٹسٹک رجحانات کے تحت ہوٸیں، انہی علوم سے ماڈرنٹی کی بنیاد ڈویلپ ہوٸی، مثال کے طور پر ساٸنسی علوم کا گونا گوں طرز پر دریافت کیا جانا جس کی طرف رجحان اس سے پہلے کم تھا۔ ماڈرنٹی کی عام طور پر مختلف راٸٹرز نے مختلف تشریح کی ہے۔ ماڈرنٹی ایک طرح سے آغاز ہے پرانے مسیحی آٸیڈیاز کے انہدام کا، جیسا کہ برطانیہ میں جان لاک نے تجربیت کی بنیاد رکھی، جرمنی میں لاٸبنیز نٸے علوم کا آغاز کرتا نظر آتا ہے اور فرانس میں چلے جاٸیں تو وہاں روشن خیالی کی آمد آمد ہو رہی تھی۔ ہم کہہ سکتے ہیں روشن خیالی بھی ماڈرنٹی کا ایک حصہ تھی، چونکہ روشن خیال مفکرین بھی اس کی بنیاد عقل پر استوار کر رہے تھے، انہوں نے بھی یہی کہا کہ پراگریس ممکن ہے اور عقل کا استعمال کر کے ہم نیچر پر غلبہ پا لیں گے اور نیچر کے تمام مساٸل جو انسان سے وابستہ ہیں یعنی جو اسے دکھ، تکلیف دیتے ہیں ان کا حل تلاش کر لیں گے۔

ماڈرنٹی، ماڈرن ازم اور ماڈرناٸزیشن کے لیے جہاں راستہ ہموار کیا وہیں اس نے اپنی بنیاد میں ان دو سطح پر واضح کام بھی کیے، ریزن کو مرکزی حیثیت دینا اور دوسرا معاشی تغیر کے مختلف پہلوٶں پر بات کرنا، ماڈرنٹی دراصل وہ کنڈیشنز ہیں جن کا زیادہ تر تعلق اکنامکس سے جڑا نظر آتا ہے، جیسا کہ برطانیہ میں صنعتی انقلاب آیا بعد از انہی کنڈیشنز پر ماڈرن ازم کی اساس پڑی۔ جدیدیت میں آرٹ اور آرکیٹیکچر آ جاتے ہیں، ایک طرح سے آپ اسے کلچرل کنڈیشنز بھی کہہ سکتے ہیں۔ ویسے ماڈرنٹی کو ایک تھنکنگ پراسیس کا نام بھی دیا جا سکتا ہے، جس نے نظری سطح پر کام کیا۔ اس نے اپنے سے پہلے سسٹم کی تشکیل اضافیت پر کی، اور یہ سب پورے ایک طریقہ کار سے سرانجام پایا۔ بہرحال یہ واضح رہے کہ ماڈرنٹی نے جہاں عقل کو معیار بنایا اور اس سے مابعدالطبیعاتی مہابیانیے کی نفی ہوٸی وہیں ہمارے پیش نظر یہ بات ضرور رہنی چاہیے کہ اس سے ماحولیاتی تبدیلیوں میں خاطرخواہ اضافہ ہوا جس کے سماج اور انسانی زندگی پر مضر اثرات پڑے۔ اداروں میں وسیع پیمانے پر جو تبدیلیاں رونما ہوٸیں جیسا کہ معاشی پالیسیوں میں چینج، یہ سب پوسٹ ماڈرنٹی میں آ جاتا ہے، بعد از یہیں سے اس پر پوسٹ ماڈرن ازم کی آواز مضبوط ہوتی ہے اور وہ اپنا اطلاق کرتی ہے۔