شبِ سیاہ کو پر کس امر کی جلدی تھی

یہ تحریر 214 مرتبہ دیکھی گئی

ہمارے جسم بجھے چیتھڑوں کی صورت ہیں
پروستے ہیں جنہیں چاندنی کے پھاہوں پر
بِھگو بِھگو کے دَریدہ بدن کی ہر دَھجّی
ہم آفتاب کے چہرے سے راکھ پونچھتے ہیں

سیاہ رات کو اَب کِس اَمر جلدی ہے؟
ابھی تو زخم دُھلے بھی نہیں ہیں سُورج کے
ابھی تو پِچھلی تگ و تاز کی ہَزیمت سے
بجھا ہوا ہے بدن خاورِ تَیَقُن کا
ابھی تو ہم نے اسے چاندنی کے چشمے پر
ابھی تو ہم نے اسے لوریوں کے آنچل میں
لپیٹ کر نہیں رکھا کہ موند لے آنکھیں
کہ نیند اِسکے بَدن میں بَھرے نَئی چَشمک
ابھی تو اِس کا بدن ٹوٹتا ہے اینٹھن سے
شبِ سیاہ کو پر کِس اَمر کی جلدی ہے؟
کہ اس نے کوچ کیا خیمہ گاہ سے اِک دم
اسے تو نیند بھی آتی نہیں کہ سوجائے

شبِ سیاہ!
ہمارے بدن تو اُترن تھے
کسی خیال کی واماندگی کے راندے ہوئے
ہم ایسے لوگ کہاں روشنی کے لائق تھے
ہمارے ساتھ سِتم جو ہوا اُسے چھوڑو
ہمیں گِلہ ہے ہمیں شَب سے مُہلتیں نہ مِلیں