مینجر پانڈے کی تاریخ پیدائش کے موقع پر

یہ تحریر 270 مرتبہ دیکھی گئی

۔ انتقال کے بعد آنے والی پیدائش کی تاریخ کیا کہتی ہے
تاریخ پیدائش سے وفات کی تاریخ کا کیا رشتہ ہے
ستمبرکی پہلی تاریخ 23 ستمبر کے ساتھ آ گئی تھی
ابھی تو ایک سال بھی پورا نہیں ہوا تھا۔
جو دن باقی رہے گئے وہ تاریخ پیدائش کے ہیں یا تاریخ وفات کے
یہ بچے ہوئے دن نہ تاریخ پیدائش کے ہیں نہ تاریخ وفات کے
یہ ان لوگوں کے ہیں جنہیں مینجر پانڈے کے علم اور احساس کا شدید احساس ہے
ایک کتاب کو ترتیب دیتے ہوئے ان بچے ہوئے دنوں کے تیز تر گزرنے کا خوف ستاتا ہے
کتاب کے مکمل ہو جانے کا خیال بھی ڈراتا ہے
کچھ اوراق کتاب سے باہر رہ جائیں تو کتاب کی عمر بڑھ جاتی ہے
آج کی شام مینجر پانڈے کے ساتھ گزرتی تھی
شمیم حنفی کی کال آ جاتی کہ پانڈے جی کو جنم دن کی مبارک باد دینا
کبھی تمہارے ساتھ چلوں گا
اور پھر یوں ہوا کہ ایک دن
مینیجر پانڈے شمیم حنفی کے گھر آ گۓ
وہ دن مکتی بودھ کی تاریخ پیدائش کا تھا
چائے کی پیالی اور ایک سادہ سی بسکٹ
کتنی خوبصورت لذیذ اور زندگی سے بھرپور معلوم ہوتی
ایک راستہ بائیں طرف کو جے این یو کی طرف جاتا ہے
اور دوسرا راستہ سیدھا پانڈے جی کے گھر کی طرف
جو آگے جاکر بائیں طرف کو مڑ جاتا
اور پھر ایک راستہ مسافر کو ان کے گھر تک پہنچاتا
ان کے علم کی گہرائی اظہار کی سطح پر کتنی سادہ اور شفاف تھی
یہ احساس تو ان مڑتے ہوئے راستوں کو بھی رہا ہوگا
یہیں کہیں درمیان میں فون آ جاتا
بنی ہوئی چائے تھوڑی ٹھنڈی ہو جاتی
پائپ کا دھواں ان کی باتوں اور وچاروں کے ساتھ کسی اور عالم کا پتہ دیتا
آج کی تاریخ ان کے رخصت ہونے کے بعد پہلی بار آئی ہے
اور کچھ اس طرح آئی کہ جیسے وہ گئی ہی نہیں تھی
شام اب گہری ہونے لگی ہے
وہ وقت نکلتا جا رہا ہے جو چائے اور سادہ سی بسکٹ کا تھا
اس رخصت ہوتے ہوئے وقت میں اتنا کچھ پوشیدہ ہے
کہ وقت کہ گزرنے کا احساس کچوکے لگاتا بھی ہے تو تھوڑی تسلی کے ساتھ
23 ستمبر کی یہ تاریخ پھر آئے گی
اور ایک تاریخ نزدیک آتی جا رہی ہے
گزرتی ہوئی تاریخ آنے والی تاریخ تو نہیں ہو سکتی
پھر بھی آج کی شام آنے والی اس شام کے بارے میں کچھ کہتی ضرور ہے
شبد اور کرم شبد اور سادھنا تک آگئے ہیں
نہیں معلوم کہ زمانہ کہاں رکا اور ٹھہرا ہوا ہے
خوف شبد اور کرم سے ہے یا شبد اور سادھنا سے
یہ چار لفظ علم بھی ہیں
ریاضت بھی دیانت بھی اور احساس بھی
اور یہ الفاظ اس سے آگے بھی جاتے ہیں
نام دینا کتنا مشکل ہے
شبد اور کرم شبد اور سادھنا
یہی اب زندگی اور ادب کا حوالہ بن گۓ ہیں

23/09/2023