سہیل احمد خان کا شمیم حنفی کے نام خط

یہ تحریر 2893 مرتبہ دیکھی گئی

لاہور

7 اپریل 1980ء

محترم شمیم حنفی صاحب السلام علیکم

امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے۔ بہت عرصہ پہلے لِنڈا وینٹینک کی معرفت آپ کا ایک نوازش نامہ ملا تھا۔ جواب میں اس قدر تاخیر کے لیے معذرت خواہ ہوں۔ آپ سے مکالمہ کرنے کو جی چاہتا ہے۔ اس سلسلے میں ایک تفصیلی خط پھر کبھی لکھوں گا۔ فی الحال آپ سے “محراب” کے لیے مضمون کا تقاضا ہے۔ “محراب” نمبر 3 ترتیب دیا جا رہا ہے۔ ستمبر میں یہ پرچہ شائع ہو جائے گا۔ براہِ کرم فوری طور پر کوئی مضمون بھیجیں۔ کیا آپ سارتر کے ناولوں، افسانوں یا ڈراموں پر کچھ لکھنا پسند کریں گے۔ یہ مضمون جون کے پہلے ہفتے تک بھی ہمیں مل جائے تو شریکِ اشاعت ہو جائے گا۔ اگر کوئی مضمون تیار ہو تو بھیج دیجیے اور سارتر پر لکھنے کا ارادہ ہو تو اس سے بھی مطلع کر دیجیے۔

ہو سکتا ہے جب میرا خط آپ کو ملے تو انتظار حسین دہلی ہی میں ہوں۔ ان سے سلام کہیں نیز انھیں یہ بھی کہیں کہ اگر وہ “محراب” کے لیے بھارت سے دو تین اچھے افسانے حاصل کر سکیں تو ضرور لیتے آئیں۔

اردو افسانے پر سیمینار کے لیے مبارک باد۔ اس کی کامیابی پر نارنگ صاحب کو بھی میری طرف سے مبارک باد دیں۔ سیمینار کی کامیابی (کی) اطلاع محمد عمر میمن کے خط سے بھی ملی۔ لِنڈا نے بھی سیمینار کے بارے میں بہت کچھ بتایا۔ اور آل انڈیا ریڈیو کی رپورٹ سے بھی اس کا اندازہ ہوا۔

مخلص

سہیل احمد

لیکچرر شعبہ اردو

یونیورسٹی اورینٹل کالج

لاہور