سنبھلی ہوئی چاۓ

یہ تحریر 223 مرتبہ دیکھی گئی

ایک سنبھلی ہوئی چاۓ
طبیعت کو سنبھال دیتی ہے
پہلی بار آج اس کا احساس ہوا
پتہ نہیں چاۓ تھی یا چاۓ جیسی کوئی شے
پہلی بار اسے دیکھ کر
چاۓ کا گمان ہوا تھا
وہ چاۓ ہی تھی
لیکن کچھ مختلف تھی
رنگ اور خوشبو میں توازن تھا
رنگ زیادہ تھا یا خوشبو کم تھی
خوشبو جب رنگ بن جاۓ
تو اسے
صرف رنگ نہیں کہتے
چاۓ کے ساتھ زیادتی تہذیبی زندگی کا بڑا واقعہ ہے
آفرینش چاۓ کے ساتھ صرف میری گولڈ بسکٹ کھاتی ہے
میری گولڈ بسکٹ کی تاریخ اور شکل
اس کی کاپی میں دیکھ کر حیرانی ہوئی
دانیال بھی اسی روش پر ہے
بس اس کا شور
سنبھلی ہوئی چاۓ سے ہم آہنگ نہیں
میری گولڈ بسکٹ سے چائے کا ذائقہ خراب نہیں ہوتا
چاۓ کی پتی نے
کیسے اور کتنے زمانے دیکھے
پینے والوں کی روش کتنی تبدیل ہوئی
چاۓ کا رنگ نہیں بدلا
چاۓ کا بدلا ہوا رنگ اس کی پھیلتی ہوئی خوشبو ہے
ایک خوشبو دوسری خوشبو سے مختلف
جیسے ایک اچھے شعر کا معنی، معنی کو کاٹتا ہوا آگے بڑھ جائے
ایک سنبھلی ہوئی چاۓ
مختلف معنی کو سمیٹ لیتی ہے
چاۓ ختم ہوتے ہوتے
معنی کا ایک نیا سفر۔۔۔
کبھی چاۓ خود ہی سنبھل جاتی ہے
مگر اس کے لیے۔۔۔
چاۓ کا رنگ اس کاا ذائقہ تو نہیں
رنگ سے ذائقہ چھلک جاتا ہے
چاۓ نے رنگ تبدیل نہیں کیا
جب خوشبو رنگ بن جائے
مگر اسے دیکھنے کے لیے۔۔۔
چاۓ کا اجلا، ہلکا پیلا اور سرخ رنگ
عمر کے بدلتے رنگ اور اس کی لمبی مسافت کا پتا دیتا ہے
سفیدی ہلکی سیاہی کے ساتھ
عمر کو گھٹا دیتی ہے
چاۓ کا رنگ تو لال نہیں ہو سکتا
سرخی سیاہی کے بغیر کہاں ہوتی ہے
چاۓ کا لال رنگ جب آنکھوں میں اتر آۓ۔۔۔
یا آنکھوں کا رنگ چاۓ میں آ جائے
چاۓ کا نمک آنکھوں کا شور بھی تو ہے
سنبھلی ہوئی چاۓ کو سنبھالنا آسان نہیں
24/7/2023