تم میرا دل لے سکتی ہو

یہ تحریر 641 مرتبہ دیکھی گئی

تم میرا دل لے سکتی ہو
جس میں دریا کی روانی ہے
دریا، جس میں تمھارا عکس ہے
اُسے صرف دیکھا جا سکتا ہے

میں نے دریا پار
تمھارے ہونے کا نشاں کُریدا
تو مجھے ریت ملی
ریت پر ملاح کے قدموں کے نشان تھے
اور ٹوٹی ہوئی کشتی

ٹوٹی ہوئی کشتی دو کناروں کو
آخر کتنا ملا سکتی ہے
ایک دن تھک ہار کر
میں اپنی حصے کی ریت سمیٹ کر
تمھیں تمھارے محبوب کے حوالے کر دوں گا

تم میرا دل لے سکتی ہو
کباڑ خانے میں بیچنے کیلئے
یا بینک میں گروی رکھنے کیلئے
جس میں میری ماں کا زیور ہے

میری ماں کے زیور سے
تم خواب خرید سکتی ہو
خواب جو خریدے جاتے ہیں
جن کی بولی لگتی ہے

تم میرا دل لے سکتی ہو
جن میں خطوط ہیں
تمھارے آنے والی نسلوں کیلئے
تمھارے لئے اور ملاح کیلئے

تم میرا دل لے سکتی ہو
جس میں ایک کیکر کا درخت ہے
اُس کے سائے میں گُلہریاں ہیں
تم ان سے اپنی کہانی سن سکتی ہو
تم ان سے دریافت کر سکتی ہو
کہانیاں
اوپلے تھوپنے والیوں کی
کہانیاں
شہر جانے والوں کی
کہانیاں
دریا میں بہہ جانے والوں کی
کہانیاں
خاموش موت مرنے والوں کی
کہانیاں
دل دینے والوں کی

تم میرا دل لے سکتی ہو۔۔۔