استاد کا دل (نثری نظم)

یہ تحریر 1455 مرتبہ دیکھی گئی

کتنا اچھا لگتا ہے !
جب آپ کے سینے میں
ایک استاد کا دل دھڑکتا ہے،
کتنا اچھا لگتا ہے !
جب آپ سب سے باغی لڑکے کو
رام کر لیتے ہیں
اور پھر وہ کلاس میں
شرارت نہیں کرتا ،
کتنا اچھا لگتا ہے !
جب وہ کینٹین پر
آپ کو دور سے آتا دیکھ کر
سگریٹ پھینک دیتا ہے
اور آپ انجان بن کر
وہاں سے گزر جاتے ہیں ،
کتنا اچھا لگتا ہے !
جب کوئی شاگرد
نوکری کا پروانہ لے کر
سب سے پہلے
آپ سے ملنے آتا ہے
آپ سے گلے ملتا ہے ،
کتنا اچھا لگتا ہے !
جب کسی شاگرد کی کتاب کو
‘ سال کی بہترین تصنیف ‘ کا
انعام ملتا ہے
اور اس کا انتساب
آپ کے نام ہوتا ہے ،
کتنا اچھا لگتا ہے !
جب کوئی لڑکا
مشہور کھلاڑی بن جاتا ہے
لڑکیوں کو
آٹو گراف دیتے دیتے
رک جاتا ہے
اور آپ کے سامنے
ہاتھ باندھ کر
کھڑا ہو جاتا ہے ،
کتنا اچھا لگتا ہے !
جب کوئی لڑکا
شاعر بن جاتا ہے
خوب مشاعرے پڑھتا ہے
اور آپ کی موجودگی میں
حاضرین سے داد وصول کرتا ہے،
کتنا اچھا لگتا ہے !
جب کسی لڑکے کی
اپنی ہم جماعت سے
منگنی ہو جاتی ہے
اور وہ دونوں
خوشی خوشی
شادی کارڈ دینے
آپ کے آفس میں آتے ہیں ،
کتنا اچھا لگتا ہے !
جب آپ کے سینے میں
ایک استاد کا دل دھڑکتا ہے


خامہ خراب