اذان کا وقت قریب آ رہا ہے.

یہ تحریر 263 مرتبہ دیکھی گئی

مغرب کے افق پر سورج ڈوب رہا ہے
میرا خس کا جھونپڑا
مشرق کی طرف کھلتا ہے
سحر دور ہے
مگر آئے گی اسی طرف سے؛

شام کے دھواں مناظر
کوئی تدبیر جو شام کو رات ہونے سے روک لے…….. ؛
اندھیرا چھایا تو سب گھر تاریکی میں ڈوب جائیں گے
ڈر کی سراسیمگی کہاں نہیں
مگر یہ کہ ہمارے گھر مشرق کی طرف ہیں
خس کے جھونپڑے
زندگی اور روشنی کے وسائل سے نیا جہان تعمیر کریں گے
جس میں روشنی اور رزق پر سب کا حق ہو گا
جینا جرم نہیں رہے گا
آسمان آثارِ عمارتیں سورج کا نور کھا گئیں
ان کی نیو میں مشرق کے دن چن دیئے گئے
رات کسی کے گھر جنم نہیں لیتی
سورج لٹ جائے تو تیرگی افلاس بن کر چھا جاتی ہے.

دیکھو……..!شام کے بچوں کی دعا کرتی پوروں سے پھوٹ رہی ہے
ظلم پر چپ رہو گے تو چُن دئے جاؤ گے
وقت کی سردمہر دیوار میں
دیکھو……. گولان کے پہاڑیوں کی چوٹیاں چمک رہیں ہیں
کشمیر میں اذان کا وقت قریب آ رہا ہے
افریقہ سورج کے راستے پر چونا بچھا رہا ہے
میرے جھونپڑے میں چراغ نہیں
کہ اس کی روشنی سورج کے پاس ہے
صبح اب زیادہ دور نہیں
مگر میں مضطرب ہوں
کیونکہ میں نے دن کی مشعل کو مغرب کے دیار تک لے کر جانا ہے
مجھے اندھیرا وہاں بھی منظور نہیں