گھاس

یہ تحریر 1815 مرتبہ دیکھی گئی

میں اینٹوں سے چُنی دیوار کی
ریخوں میں اُگتی ہوں
جہاں دیوار سے دیوار ملتی ہے
جہاں دیوار میں دیوار جُڑتی ہے
جہاں دیوار محرابوں میں ڈھلتی ہے
میں اُگتی ہوں
وہاں میں ایک اندھے بیج میں جس کو
ہوا لے آئی ہو
پنجے جماتی ہوں
میں خاموشی کی درزوں میں
بڑھے جاتی ہوں دھیرج سے
میں دیواروں کے
گر کر خاک ہو جانے کی
ہر دم راہ تکتی ہوں
اور اس کے بعد ناموں اور چہروں کو
چھپا لوں گی

ترجمہ : محمد سلیم الرحمن