گناہ کی آخری سیڑھی

یہ تحریر 458 مرتبہ دیکھی گئی

تمہیں سونگھنے کے لیے
خوشبو کا
مہنگا ہو جانا ضروری ہے
دنیا کے سستے کولونز
تمہارے بدن کی رفاقت کے چند لمحوں کا
حق ادا کیسے کریں
کہ تم نے پھولوں کو رات گئے
شبنم سے لپٹنا سکھایا
اور صبح
مَسلی ہوئی پتیوں کو
سفید شکنوں کا رازدار کیا

ایک دن نہاتے سَمے
تمہارے لَمس سے غافل قطرہ
زمیں پہ گرا تھا
سمندروں کے سینوں میں
اُس دن سے آگ لگی ہے
اور آدم زاد
اسے دنیا کی آخری قیمتی شراب کیے
گناہ کی آخری سیڑھی
برابر چڑھتے جا رہے ہیں !