پاس سے جب بھی وہ گُزرتی تھی
دِل کی دھڑکن اِدھر اُدھرتی تھی
ہنس ہنسا کر وہ دِل کی میٹھی بات
چاہتی جب بھی ، کہہ مُکرتی تھی
مَیں بُرا تھا ، بھلا تھا ، جیسا تھا
ایسی باتوں سے درگزرتی تھی
راحت افزا سمجھتا مَیں جو بات
وہ اُسی بات پر بِپھرتی تھی
اپنی بے چینی کا سبب خُود تھی
لیکن اِلزام مُجھ پہ دھرتی تھی
بدمِزاجی کمال بگڑی ہوئی
صرف میرے لیے سُدھرتی تھی
جستجو بھی نہ کی مِری اُس نے
مُجھے کھونے سے بھی وہ ڈرتی تھی
کاسنی کُرتی زیبِ تن کر کے
خیمہِ جاں میں پاؤں دھرتی تھی
پھول ، بِجلی ، دھنک ، ستارے ، چاند
اُس کی تصویر سی اُبھرتی تھی