غزل

یہ تحریر 100 مرتبہ دیکھی گئی

دنیا کے ساتھ ربط میں رہنا محال تھا
میرا نہیں یہ سارا اسی کا کمال تھا

لمحوں کی بھیڑ بھاڑ میں خود سے بچھڑ گئے
ہر لوٹنے کی راہ پہ سوچوں کا جال تھا

جب خامشی کلام پہ مائل ہوئی نہ تھی
شہرِ صدا میں بولنا سننا وبال تھا

کونجوں کی اک قطار سروں سے گذر گئی
بچے کے ذہن میں کوئی چبھتا سوال تھا

بادل گرجتا سن کے زمیں کانپنے لگی
ایسے میں مجھ غریب کا کس کو خیال تھا

ترکِ تعلقات کا دکھ یاد تک نہ تھا
زخموں کے بعد صرف وہاں اندمال تھا

میں قطرہ قطرہ وقت کے تل میں پگھل گیا
کچھ اپنا ہوش تھا نہ کسی کا خیال تھا

یہ جھیل آسمان سے اتری تو برف تھی
سورج کا لمس ذائقے میں لازوال تھا

وہ جس کے احترام میں لب سی لیے تھے کل
آج اس کے روبرو میں سراپا سوال تھا

مجھ پر کسی دعا کا کرم ہے وگرنہ شعر
مجھ جیسے آدمی سے کوئی احتمال تھا