صفحات کے کھو جانے کی کہانی

یہ تحریر 102 مرتبہ دیکھی گئی

ابتدائی صفحات کے کھو جانے کی کہانی
معنی کے غیاب کی کہانی تو نہیں
تلاش کا عمل
کتنا صبر آزما ہے
صفحات نے کتاب سے اپنی بغاوت کا اعلان کیا ہے
یا مصنف کی رخصتی کا
مصنف کی موت کا فقرہ اب
خوش نہیں آتا
ابتدائی صفحات مل بھی جائیں تو انہیں کہاں اورکیسے شامل کیا جائے
ابتدائی صفحے کتاب کا چہرہ ہیں
مگر بغاوت پر آمادہ ہیں
انہیں اپنے اصل مقام کی تلاش ہے
ہر دن کوئی کتاب اپنی بے چہرگی کا اعلان کر دیتی ہے
صفحات کے غائب ہونے کا سلسلہ کب سے شروع ہؤا
کتابوں کے جلانے کی تاریخ بتائی جا سکتی ہے
صفحات کتابوں سے گریزاں ہیں
غیاب کی کہانی ان کتابوں کی رسوائی کی کہانی تو نہیں جنہیں کہیں کہیں سے کچھہ پڑھا جا سکتا ہے
ابتدائی صفحے کیا کہتے ہیں
انہیں اپنے آزادانہ وجود پر اصرار ہے یا دکھ ہے بچھڑنے کا
صفحات مل جائیں تو انہیں ایک کتاب کی صورت دی جائے
ایک مصنف کی کتابوں سے نکلے ہوئے صفحات ایک سے زیادہ زہن کا پتہ دیتے ہیں
جب ایک سے زیادہ مصنف کی کتابوں سے نکلے ہوئے صفحات ایک ہی ذہن کا پتہ دیں
یہ واقعہ ہے یا میرا خیال
شرم آ تی ہے
برکھا برسے اور وہ صفحات دھل جائیں

کتابوں کے ابتدائی صفحات کو تلاش کرنے ہوئے آ نکھیں تھک چکی ہے
تھکن کا احساس وجود کو پارہ پارہ کیے دیتا ہے
کون سا صفحہ کہاں سے کب غائب ہوا
ہوا کا جھونکا پرانی کتابوں کے ساتھ خود کو آ زماتی ہے
صفحات کے غائب ہونے کا دکھ مصنف کو نہیں
مصنف کا وقت کتاب کی اشاعت کے ساتھ شروع ہوا تھا اور ختم بھی
سرور الہدی

دہلی
17 مارچ 2024