چہرے اور لباس کی شکن

یہ تحریر 330 مرتبہ دیکھی گئی

چہرے اور کپڑے کی شکن میں کیا رشتہ ہے
شکن کو چنٹ اور پیچ تو نہیں کہتے
شکن کی تاریخ کا آغاز چہرے سے ہوا یا کپڑے سے؟
کپڑے کی شکن کتنی آسانی سے ختم ہو جاتی ہے
جو رہ جاتی ہے اسے دیکھنے کے لیے کوئی اور نظر چاہیے
لباس اپنی فطرت کے ساتھ کتنا اخلاقی معلوم ہوتا ہے
فطرت کا دوسرا نام شکن بھی ہے
پیشانی کی شکن زیادہ سوچتی ہے یا کپڑے کی شکن
پیشانی کی شکن انسانی وجود کی علامت ہے
چہرے اور پیشانی کی شکن
تھوڑے فاصلے سے کتنی مختلف معلوم ہوتی ہیں
کبھی پیشانی کی شکن وقت کے آشوب کا پتا دیتی ہے
پسینہ کتنی آسانی سے شکن کو عبور کر لیتا ہے
پسینے کو پیشانی کہا جائے یا پیشانی کو پسینہ
بعض پیشانیاں کتنی سپاٹ ہوتی ہیں
قیامت گزر جائے اور شکن نہیں آتی
زیادہ گہری شکن دکھائی نہیں دیتی
مگر یہ کوئی اور قصہ ہے
پر شکن پیشانی کا نام معنی بھی ہے
معنی پسینے میں اگر بہہ جائے تو اسے معنی کا سیال ہونا کہتے ہیں
لباس کی شکن خود کو چھپاتی نہیں
اسی کو سچی اشرافیت کہتے ہیں
لباس کی کوئی ایسی شکن بھی ہے
جو لباس کے ساتھ ہی رخصت ہوتی ہے
کیا یہ بات پیشانی کی شکن کے لیے کہی جا سکتی ہے؟
زندگی پیشانی کی شکن میں ہے یا لباس کی شکن میں
مڑے ہوئے اور کچھ ادھڑے ہوئے لباس میں زندگی کتنی خوبصورت معلوم ہوتی ہے
لباس اور پیشانی کی شکن ایک ساتھ نہیں ہوتی
کیا ان کا مقام اور موسم بدل سکتا ہے
مجھے پیشانی کی شکن کا خیال
لباس کی شکن کے ساتھ آتا ہے

19 اگست 2023