(نظم) خامشی

یہ تحریر 387 مرتبہ دیکھی گئی

کہیں پہ دور افتادہ
کسی چھوٹے سے قصبے کے
بہت سنسان اسٹیشن پہ رک جانا
بہت رومانی لگتا ہے
اسی سنسان اسٹیشن کے ویراں اور
تنہا گارڈ ہاؤس میں کھڑے ہو کر
کبھی چاروں طرف دیکھو !
وہاں تم کو لگے گا خامشی بھی بات کرتی ہے
وہاں تنہائی کی صورت
تمھاری ذات جیسی ہے
ہوا کی دھیمی سرگوشی
تمھاری بات جیسی ہے
وہاں شیشے کی کھڑکی سے
نظر ، حد نظر تک دیکھ لیتی ہے تو پھر واپس نہیں آتی ۔۔
پھر ایسے میں میرا بھی دل
وہاں رہ جانے کو ایسے مچلتا ہے
کہ جیسے خواب میں بچہ لیے مٹھی میں اپنی ماں کے آنچل کو
نہ جانے کن جگہوں کی سیر کرتا ہے
مگر جب آنکھ کھلتی ہے
تو آنچل یوں سرکتا ہے کہ کچھ باقی نہیں رہتا
نہ اسٹیشن ، نہ کھڑکی
نہ ہوا ، نہ تم ۔!۔
مگر اک خامشی چاروں طرف سے گھیر لیتی ہے
مگر اک خامشی چاروں طرف سے گھیر لیتی ہے