ہالہء رحمت

یہ تحریر 665 مرتبہ دیکھی گئی

نعت اور ضرورت نعت میں بڑا فرق ہوتا ہے۔ اس متذکرہ تفریق میں اول کا تعلق فیض جب کہ ثانی کا تعلق فن سے ہوتا ہے۔ جاننے والے جانتے ہیں، جس فن پر عشقِ پیغمبرؐ کی مہر ثبت نہیں ہوتی اُس میں تاثیر کبھی نہیں آ سکتی۔ فیض کے بغیر فن اضافی ہوتا ہے۔ فیض اور فن کا ملاپ ہی ہنر کو اعجاز بخشتا ہے۔ شاہد کوثری دیار نعت میں ”ہالہء رحمت“ کے ساتھ نمودار ہوئے ہیں۔ اس نمود میں کوثری کے پاس تاریخِ اسلام کا وہ روشن سرمایہ موجود ہے، جس نے ان کی چشم ورثہ شناس کو بصیرت عطا کی ہے۔ نعت کے دیار میں رنگین الفاظ اور مبالغہ آمیز استعارات کا سکّہ نہیں چلتا۔ یہاں رُک رُک کر ٹھہر ٹھہر کر چلنے میں ہی عافیت ہے۔ کیونکہ جس مدح میں ممدوح کا مقام مداح کے پیشِ نظر رہے وہ مدح اثر حاصل کر لیتی ہے اور پیغمبر جن کی شخصیت مظہر انوارِ کبریا اور جن کا مداح خدا کی ذات ہے، اُن کے دراقدس پر دستک کتنا ذمہ داری کا کام ہے۔
شاہد کوثری کی نعت کی طاقت اس کی استعمال میں آنے والی تلمیحات میں مضمر ہے۔ ان تلمیحات کا تعلق قرآن کریم فرقان حمید سے ہے۔ کوثری نے مطالعہ قرآن اور سیرت رسولؐ سے بڑا کام لیا ہے۔ ان ہدایت کے چشموں نے ”ہالہء رحمت“ کو واقعاتی سچائی عطا کی ہے اور شانِ پیغمبرؐ کے بیان میں ان سے مستند مآخذ کوئی اور نہیں ہو سکتا۔
”ہالہء رحمت“ میں پیغمبرؐ کی ذات، اُس ذات عالی کے متعلقات کو بیان میں لایا گیا ہے۔ یہ نعتیں عقیدت کا ثمر ہیں اور یہ پھل ہر شاخ پر نہیں لگتا۔ اس کے لیے طالب کا کاسہ کثافت سے پاک ہونا چاہیے۔ بے عملی نعت گو کے لیے زہر ہے۔ نعت میں اسما کا استعمال کوثری پورے سیاق و سباق کے ساتھ لاتے ہیں۔ اور یہ ان کی لسانی بصیرت کا پتہ دیتا ہے۔ ان کے علم الکلام میں شترگر بہ نام کو بھی نہیں۔ مکہ، مدینہ اور کربلا کا بیان کوثری کے مقدر میں آنے والی وہ تثلیث ہے جو دین اور دنیا دونوں میں اس کی مدد کرے گی۔ مکہ خدا، مدینہ رسولؐ اور کربلا امام عاشقان امام حسینؑ سے مخصوص ہے اور جس دل میں یہ سما جائیں وہ دل مردہ نہیں ہوتے۔ کوثری کی تراکیب، استعارے، تلازمے، تلمیحات، شعری فضا عشق رسول سے محبت کی گواہیاں ہیں۔ جو گواہ کی خوش نصیبی کا پتا دیتی ہیں۔ ”ہالہء رحمت“ اُس وقت چھپی ہے جب لوگ افراتفری میں عشق رسولؐ اور پیغام کے لافانی ذائقے سے کسی حد تک دور ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ پیغامِ محبت، اخوت اور بھائی چارے کا ہے۔ جو ان برستے بموں میں ہمارا چارہ ساز ٹھہرے گا۔

سلیم سہیل
http://auragesabz.gamecraftpro.com/%d8%b3%d9%84%db%8c%d9%85-%d8%b3%db%81%db%8c%d9%84/