غزل

یہ تحریر 1595 مرتبہ دیکھی گئی

نکل کے چاند ستاروں کے درمیان سے ہم
نظر زمین سے آتے ہیں آسمان سے ہم
ستارا اب بھی چمکتا ہے رہنمائی کا
بچھڑ گئے ہیں مگر نقشِ کاروان سے ہم
گزارہ اپنایہاں مشکلوں سےہوتا ہے
زمانہ تنگ ہے ہم سے تو دو جہان سے ہم
اب اپنے ہاتھ سے اپنا جہاں بنائیں گے
گزر کے آ گئے قسمت کے امتحان سے ہم
بجھا ہوا کہیں اندر سے ہے ہمارا دل
دوا اداسی کی کھا کر ہیں شادمان سے ہم
مراد بھی تھی وفا بھی وہاں چراغ بھی تھا
اٹھا کے لائے نہیں عشق کی دکان سے ہم
تھے مشتِ خاک ہم اپنے وجود سے پہلے
تبھی تو اُنسیت رکھتے ہیں خاکدان سے ہم