غزل

یہ تحریر 1891 مرتبہ دیکھی گئی

طوفان سہی تیز مگر جانا ہے اُس پار

اے طبعِ خطر جُو تجھے بہلانا ہے اُس پار

بس یوں ہے کہ بے نام کشش کھینچ رہی ہے

اب کون کہے باغ یا ویرانہ ہے اُس پار

اُمڈی ہیں ہر اک سمت سے پھر تُند ہوائیں

اِن جلتے چراغوں کو بھی پہنچانا ہے اُس پار

ساحل کے درختوں کی گھنی چھاؤں میں جا کر

اک گیت پرندوں کے لیے گانا ہے اُس پار

کچھ بھید سا ہے جس کی خبر لانی ہے ہم کو

یا دور خلاؤں میں بکھر جانا ہے اُس پار