سکول کے لڑکے ( نثری نظم )

یہ تحریر 823 مرتبہ دیکھی گئی

ہم سب
بیس برس بعد
یک جا ہوئے ہیں
اور وہ بھی واٹس ایپ گروپ میں !
کلاس کا جو مانیٹر تھا ،
جو ٹیچر کا چمچہ تھا ،
ٹھیکے دار بن چکا ہے ؛
وہ دبلا پتلا،بیمار سا لڑکا
جو بد خط بھی تھا ،
خیر سے اب ڈاکٹر ہے ؛
فزیکل ٹریننگ کے ٹیچر سے
جو پٹتا تھا ،
روز ڈنڈے کھاتا تھا ،
اب فوج میں کرنل ہے ؛
وہ جو آخری بنچ پر
براجمان ہوتا تھا ،
صف اول کا تاجر ہے ،
خزانے پر بیٹھا رہتا ہے ؛
وہ جو سب سے اچھا تھا ،
سچا تھا ،
کالا کوٹ پہنتا ہے ،
وکالت کرتا ہے ؛
وہ جس کا املا
انشا سے زیادہ غلط تھا ،
ایک معروف شاعر ہے ؛
ہم سب
بیس برس بعد
یک جا ہوئے ہیں ،
ہم سب خیریت سے ہیں !