ساحرہ نظم

یہ تحریر 563 مرتبہ دیکھی گئی

کہتے ہیں
جب کوئی ملکوں ملکوں پھرتا ہے
تو اسکی نظموں میں

پہاڑوں پہ اترتی برف
جنگلوں میں ناچتی وحشت
سمندروں سے اُمڈتی محبت دیکھی جا سکتی ہے

صحراؤں پہ گزرتے قصے
گلیوں میں بجتے ساز
آبشاروں سے اترتے الفاظ سنے جا سکتے ہیں

مگر میری نظم !!!
میری نظم تو وہ ساحرہ ہے
جو کمرے سے
گلی تک کا فاصلہ طے کرنے کی انکاری ہے
کہ ایسا کرنے میں اسے اپنے سنگھاسن سے اترنا ہو گا
اور ایسے میں میرےشعری میوز کو مرنا ہو گا

سو میری نظم اپنے کمرے کی وہ جادو گرملکہ ہے
جسکے سحر میں لالہ و گل کی تمام خوشبوئیں قید ہیں
جسکے طلسم ہوش ربا میں کائنات کے تمام رنگ پنہاں ہیں

پہاڑ، جنگل، سمندر، صحرا
برف، دھوپ، گلی، محلہ

یہ سبھی میری نظم کی آنکھ پر کمرے کی کھڑکی سے عیاں ہیں