خامشی

یہ تحریر 1246 مرتبہ دیکھی گئی

کہیں پہ دور افتادہ
کسی چھوٹے سے قصبے کے
بہت سنسان اسٹیشن پہ رک جانا
بہت رومانی لگتا ہے
اُسی سنسان اسٹیشن کے
ویراں اور تنہا گارڈ ہاؤس میں کھڑے ہو کر
کبھی چاروں طرف دیکھو
وہاں تم کو لگے گا خامشی بھی بات کرتی ہے
وہاں تنہائی کی صورت
تمھاری ذات جیسی ہے
ہوا کی دھیمی سرگوشی
تمھاری بات جیسی ہے
وہاں شیشے کی کھڑکی سے
نظر حدِ نظر تک دیکھ لیتی ہے
تو پھر واپس نہیں آتی
پھر ایسے میں میرا دل بھی
وہاں رہ جانے کو ایسے مچلتا ہے
کہ جیسے خواب میں بچہ
لیے مٹھی میں اپنی ماں کے آنچل کو
نہ جانے کن جگہوں کی سیر کرتا ہے
مگر جب آنکھ کھلتی ہے
تو آنچل یوں سرکتا ہے
کہ کچھ باقی نہیں رہتا
نہ اسٹیشن، نہ کھڑکی
نہ ہوا، نہ تم
مگر اک خامشی چاروں طرف سے گھیر لیتی ہے