جنیاتی دُکھ

یہ تحریر 2223 مرتبہ دیکھی گئی

ہر شہر کے بیچ سے

ایک دریا گزرتا ہے

جیسے

جسم کے بیچ سے شہ رگ

اطراف میں رہنے والوں کی

زندگی ہوتا ہے یہ دریا

وہ نہیں بھولتے

اس کے کنارے ہونے والی محبت

اور اُگنے والی جھاڑیاں

پھول اورکہانیاں

کنارے پر کیچڑ میں لتھڑے کھیلتے بچے

پانیوں پر بہتی کشتیاں

اور لہروں پر ڈولتی یادیں

ماؤں کی مدھم مدھم لوریاں

سرِ شام لہراۓ جانے والے آنچل

اورپسینے میں ڈوبے سرد بوسے

… ہجرت کرنے والوں کے دکھ

سب سے بڑے ہوتے ہیں

ان میں سما جاتی ہیں صدیاں

میں اپنے دکھ میں نہیں

اپنے پُرکھوں کے دکھ میں جیتی ہوں

تب سے

جب سے ان کی آنکھوں میں

جمنا کا کنارا رکا دیکھا ہے

جس میں ایک ناؤ بہتی ہے

اس ناؤ میں وہ سارے رنگ ہیں

جن کے چھن جانے سے

ان کی آنکھیں خالی ہو چکی ہیں

ان کے خواب

میری آنکھوں سے جھانکتے ہیں .

اور پھر دور کہیں

جمنا کا کنارا ٹوٹ جاتا ہے !