آستین کا میل

یہ تحریر 309 مرتبہ دیکھی گئی

آستین کا میل اجلی قمیض کے
ساتھ کتنا روشن ہو جاتا ہے
سفیدی کی سیاہی اور سیاسی کی سفیدی
کس نے کس کو روشن کیا
اندھیرا کم تھا اور روشنی زیادہ تھی
جیسے روشنی اندھیرے سے نکل رہی ہو
آستین کے میل کا اندھیرا
دل کا میل اور آنکھوں کا سرمہ تو نہیں
باہر کی کثافت کا اندر کی کثافت سے کیا رشتہ ہے
آستین کامیل کثافت کی پاکیزگی کا معیار ہے
میلی ہوتی ہوئی آستین سے لپٹی ہوئی شامیں اور راتیں
کتنی مختصر اور کتنی طویل ہو جاتی ہیں
اجلا رنگ اپنی تقدیر پر نازاں ہے
آستین کے میل کوروشن ہونے میں تھوڑا وقت لگتا ہے
میل کو ہٹانےکی کوشش
میل کو پھیلا دیتی
میل جب سیاہی بن جائے
تو اسے میل کی اگلی منزل کہتے ہیں
آستین کا میل مہذب معاشرے میں باریاب ہوتا ہے
اجلی قمیض کی آستین پرانے موسم کی منتظر ہے
اجلی قمیض کی آستین بھی
ابر آ لود موسم کا پتہ دیتی ہے

ایک مارچ 2024