آؤ خط لکھیں

یہ تحریر 829 مرتبہ دیکھی گئی

آؤ خط لکھیں

ایک خط والد کے نام لکھیں،

بصد احترام لکھیں،

ان کو لکھیں کہ پڑھائی زوروں پر ہے،

ہوسٹل کے خرچے بڑھ گئے ہیں

پیسے ختم ہو گئے ہیں،

منی آرڈر کر دیجیے!

آؤ خط لکھیں،

ایک خط بچپن کے یار جانی کے نام لکھیں،

اس کو گالی دے کر پکاریں

اور لکھیں کہ موسم گرما آگیا ہے،

مری چلتے ہیں،

وہاں مال روڈ پر بھانت بھانت کی لڑکیاں ہوں گی،

ان کو دیکھیں گے

اور فطرت کے منظر بھی دیکھیں گے!

آؤ خط لکھیں،

ایک خط محبوبہ کے نام لکھیں،

اس کو لکھیں کہ تمھاری آنکھیں جھیل سی گہری ہیں،

ہونٹوں میں گلاب کی تازگی ہے

اور زلفوں میں شبِ ہجر کی سی درازی ہے،

تم بہت پیاری ہو،

مگر تمھارے مونچھوں والے بھائی سے ڈر لگتا ہے!

آؤ خط لکھیں!

ایک خط اپنے نام لکھیں!!