تصویر ـ خلا نہ ہو سکوں گا
ان دیکھا ہوا نہ ہو سکوں گا
گھوموں گا مثال ـ ابر ـ احساس
رہوارـ ہوا نہ ہو سکوں گا
کھو جاؤں گا اجنبی فضا میں
گر تیری دعا نہ ہو سکوں گا
دستک ہے کسی خیال کی تو
کیا تجھ پہ بھی وا نہ ہو سکوں گا
برباد ہوں جبر کی ہوا کا
آباد فضا نہ ہو سکوں گا
دیکھو کہ میں سر بسر خوشی ہوں
اک دکھ سے فنا نہ ہو سکوں گا
ہم راز ہوں خواب ـ اولیں کا
میں تجھ سے نیا نہ ہو سکوں گا
اک خوابِ جنوں گرفت میں ہوں
آنکھوں سے رہا نہ ہو سکوں گا
اک طوق شدہ گلا ہوں کوئی
اب صرف ـ غنا نہ ہو سکوں گا