شجر سے پیوست رہنا اچھا
مگر نہ ایسے
کہ دھوپ کھانے کوئی بھی پنچھی
کبھی بھی پر کھول کر نہ نکلے
قیام کرنے سے پیشتر
اس شجر کی صورت تو دیکھ لیجے
پٹا پڑا ہے جو گھونسلوں سے
وہ فاختائیں ہوں،چیل کوے ہوں، بوم ہوں یا سیاہ شپّر
تمام نسلوں کے سارے اچھے برے پرندوں کی ایک ضد ہے
زمیں پہ پھیلی جڑوں سے لے کر جٹاؤں تک
ایک ہی شجر پر
نہیں ہے بالشت بھر کا ٹکڑا بھی اب تو محفوظ حق سے خالی
شجر کے والی
شجر کی محکم جڑوں سے مسکن اسارنے والی چیونٹیوں کے سوا
کوئی بھی نہیں سمجھتا
شجر کی اپنی ضرورتیں ہیں