اب اتنی گھبراہٹ کیوں ہے؟

یہ تحریر 216 مرتبہ دیکھی گئی

تم نے خود اس دنیا کو اک گاؤں میں تبدیل کیا

اب روزانہ اِس پر بَولائے پھرتے ہو

آخر پوری دنیا کو

کووڈ نے کیوں گھیرے میں لے رکھا ہے

پوری دنیا؟

ارے چخے چنڈال یہ دنیا کب ہے یہ تو اب گاؤں ہے

——تمھارا گاؤں

اور گاؤں میں کئی وبائیں پہلے بھی پھوٹا کرتی تھیں

پھر بھی اگر اِتنی ہی وحشت ہے تو اس گاؤں کو

پھر سے پہلے والی دنیا میں تبدیل کرو

جن رستوں پر چل نکلے ہو اُن کو سِیل کرو

دنیا کی رنگارنگی کو یک رنگی کا رنگ نہ دو

سب کو ساوی بھنگ نہ دو

اِس دھرتی، بے بس دھرتی کو امن کے بدلے جنگ نہ دو!

٭٭٭٭٭٭